ملائیشیا کے وزٹ ویزے پر آن لائن اسکامنگ کی کوشش ناکام، ایف آئی اے نے دو مسافر گرفتار کر لیے

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے ائیرپورٹ پر ایک کامیاب کارروائی کے دوران دو ایسے مسافروں کو آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا ہے جو ملائیشیا کے وزٹ ویزے کا غلط استعمال کرتے ہوئے بین الاقوامی آن لائن اسکامنگ نیٹ ورک کا حصہ بننے جا رہے تھے۔مسافروں کی شناخت ولید الغنی اور محمد یار کے ناموں سے ہوئی ہے۔

اسلام آباد۔17جولائی (اے پی پی):فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے ائیرپورٹ پر ایک کامیاب کارروائی کے دوران دو ایسے مسافروں کو آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا ہے جو ملائیشیا کے وزٹ ویزے کا غلط استعمال کرتے ہوئے بین الاقوامی آن لائن اسکامنگ نیٹ ورک کا حصہ بننے جا رہے تھے۔مسافروں کی شناخت ولید الغنی اور محمد یار کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ابتدائی تفتیش اور پروفائلنگ کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ مسافر اس سے قبل کمبوڈیاکا سفر بھی کر چکے ہیں اور ماضی میں بھی مشکوک سفری دستاویزات اور حالات کی بنا پر انہیں آف لوڈ کیا گیا تھا۔دوبارہ پروفائلنگ کے دوران جب مسافروں کے موبائل فونز کی تلاشی لی گئی تو ان سے اہم ڈیجیٹل شواہد موصول ہوئے۔ موبائل فونز میں موجود مبینہ چیٹس اور رابطوں سے یہ بات سامنے آئی کہ دونوں مسافروں کے روابط بین الاقوامی آن لائن اسکامنگ سلیپر سیلز اور نیٹ ورکس سے ہیں اور وہ دیگر پاکستانی شہریوں کو بھی اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے سہولیات فراہم کرنے میں ملوث تھے۔

دستیاب شواہد کی روشنی میں ایف آئی اے حکام کو قوی شبہ ہے کہ یہ مسافر ملائیشیا کے وزٹ ویزے کی آڑ میں وہاں جا کر سائبر کرائم اور مالیاتی فراڈ (آن لائن اسکامنگ) کے ذریعے غیر قانونی طور پر رقوم کمانا چاہتے تھے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافروں کے موبائل فونز کو فرانزک آڈٹ کے لیے قبضے میں لے لیا گیا ہے جبکہ دونوں ملزمان کو مزید تفتیش اور سخت قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ایف آئی اے ملک کا وقار بین الاقوامی سطح پر برقرار رکھنے، سرحد پار سائبر کرائمز، غیر قانونی ہجرت اور سفری دستاویزات کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے پوری طرح متحرک اور پرعزم ہے۔