انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویسٹ انڈیز کے عظیم آل راونڈر سر گارفیلڈ سوبرز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ کرکٹ کی دنیا آج اپنے عظیم ترین آئیکونز میں سے ایک سے محروم ہو گئی ہے۔
آئی سی سی کا ویسٹ انڈیز کے عظیم آل راونڈر سر گارفیلڈ سوبرز کے انتقال پر اظہارافسوس

مزید خبریں
لاہور۔17جولائی (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویسٹ انڈیز کے عظیم آل راونڈر سر گارفیلڈ سوبرز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ کرکٹ کی دنیا آج اپنے عظیم ترین آئیکونز میں سے ایک سے محروم ہو گئی ہے۔ ان کے بقول سر گارفیلڈ سوبرز نہ صرف کرکٹ کی تاریخ کے بہترین آل راونڈر تھے بلکہ کھیل کی تاریخ کے عظیم ترین کرکٹرز میں بھی شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ، کھیل کے ہر شعبے میں میچ کا رخ بدلنے کی غیر معمولی صلاحیت انہیں اپنے ہم عصروں سے ممتاز کرتی تھی۔سر گارفیلڈ سوبرز کو کرکٹ کی تاریخ کا عظیم ترین آل راؤنڈر قرار دیا جاتا ہے۔
وہ جارحانہ بیٹنگ کے ساتھ فاسٹ اور اسپن، دونوں طرز کی باؤلنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے جبکہ قریبی اور آؤٹ فیلڈ، دونوں مقامات پر ان کی فیلڈنگ بھی غیر معمولی سمجھی جاتی تھی۔انہوں نے 16 برس کی عمر میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور ایک سال بعد ہی بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا۔ 21 سال کی عمر میں انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ناقابل شکست 365 رنز کی اننگز کھیل کر اس وقت کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کے ایک اوور میں چھ چھکے لگانے والے پہلے بلے باز بھی تھے۔1954 سے شروع ہونے والے دو دہائیوں پر محیط بین الاقوامی کیریئر میں سر گارفیلڈ سوبرز نے 93 ٹیسٹ میچز میں 26 سنچریوں اور 30 نصف سنچریوں کی مدد سے 8032 رنز بنائے، جو کئی برسوں تک ٹیسٹ کرکٹ کا ریکارڈ رہا۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 235 وکٹیں حاصل کیں اور 109 کیچ بھی اپنے نام کیے۔







