چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی نائجیریا کے وزیر دفاع، چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور مسلح افواج کے سربراہان سے ملاقاتیں

179
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی نائجیریا کے وزیر دفاع، چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور مسلح افواج کے سربراہان سے ملاقاتیں

راولپنڈی۔12اپریل (اے پی پی):چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل ساحر شمشاد مرزا نے نائیجیریا میں وزیر دفاع محمد بدرو ابوبکر، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل کرسٹوفر گوبن موسی، چیف آف آرمی اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اولوفیمی اولاتبوسم اولویدے، چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل ایمانوئل اکیچوکو اوگالا اور چیف آف ائر سٹاف ایئر مارشل حسن بالا ابوبکر سے ملاقاتیں کیں، جنرل ساحر شمشاد مرزا نائیجیریا کے سرکاری دورے پر ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق الگ الگ ملاقاتوں کے دوران دونوں فریقین نے دونوں ممالک کو درپیش چیلنجز بالخصوص انسداد دہشت گردی (سی ٹی) اور باہمی دلچسپی کے شعبوں بشمول سکیورٹی، دفاعی تعاون اور بدلتے ہوئے بین الاقوامی و علاقائی منظرنامے پر تبادلہ خیال کیا۔

فریقین نے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان دفاعی اور فوجی تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔نائجیریا کی سول اور فوجی قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔