راولپنڈی۔18مارچ (اے پی پی):چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے جرمنی کی ڈیفنس فورسز کے سربراہ جنرل ایبر ہارڈ زورن سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے سمیت دوطرفہ پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جرمنی اور سوئٹزرلینڈ کے سرکاری دورے پر ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں خطے بالخصوص افغانستان میں امن، سلامتی اور استحکام کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے اپنے دورہ جرمنی کے دوران ہیملبرگ میں جرمن انفنٹری سکول اور کولبینز میں سینٹر فار انٹرنل لیڈرشپ کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں اداروں کے مینڈیٹ اور نصاب کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
قبل ازیں جرمن وزارت دفاع پہنچنے پر چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں جنرل ندیم رضا نے سوئٹزر لینڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سوئس مسلح افواج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل تھامس سوسلی سے ملاقات کی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے دوطرفہ دفاعی تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور عالمی اور علاقائی سلامتی کے ماحول اور دونوں مسلح افواج کے درمیان فوجی اور دفاعی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے جنیوا سینٹر فار سکیورٹی پالیسی (جی سی ایس پی) کا بھی دورہ کیا۔ یہ ایک بین الاقوامی فاؤنڈیشن ہے جو پائیدار بین الاقوامی امن اور سلامتی کی پالیسی میں انتظامی تعلیم اور تربیت فراہم کرتی ہے۔ مرکز کے دورے کے دوران جنرل ندیم رضا نے خطے کی جیو سٹرٹیجک صورتحال اور بالخصوص افغانستان کے معاملہ پر پاکستان کے سیکورٹی نقطہ نظر کو اجاگر کیا۔ انہوں نے علاقائی امن و سلامتی کے لئے افغانستان کے اندر مفاہمت کی ضرورت پر زور دیا۔