چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کا پاک بحریہ کے اورماڑہ بیس کا دورہ

137

راولپنڈی ۔29نومبر (اے پی پی):چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے جمعہ کو پاک بحریہ کے آپریشنل بیس اورماڑہ کا دورہ کیاجہاں انہیں دفاع اور موجودہ خطرات کے حوالے سے جامع آپریشنل بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاک بحریہ کے آپریشنل اثاثوں، بشمول جہازوں اور آبدوزوں کا معائنہ کیا اور سمندر میں یونٹس کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے ساحلی علاقے اور جہازوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کے دوران آپریشنل تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے جوانوں کے حوصلے کی تعریف کی اور فیلڈ یونٹس کو ہدایت کی کہ جدید ہتھیاروں اور آلات کے بہترین استعمال کو یقینی بناتے ہوئے جذبے اور ولولے کے ساتھ مادر وطن کے دفاع کو یقینی بنایا جائے۔