چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے نامور سائنسدانوں اور انجینئرز کو ان کی شاندار خدمات پر سول ایوارڈز عطا کئے

41

راولپنڈی ۔15ستمبر (اے پی پی):صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اسٹریٹجک اداروں کے نامور سائنسدانوں اور انجینئرز کو ان کی شاندار خدمات پر سول ایوارڈز عطا کئے۔

اس حوالے سے تقریب یہاں چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تقریب میں تین خواتین سائنسدانوں سمیت 29 ایوارڈ یافتگان کو تمغے عطا کئے گئے۔ ایوارڈ یافتگان میں سے 10 افسران کو ستارہ امتیاز ، 12 کو صدارتی تمغہ حسن کارکردگی جبکہ 07 کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے سائنسدانوں اور انجینئروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کو ہمارے ہیروز کے طور پر سراہا جاتا ہے اور ملک و قوم کے لئے گراں قدر خدمات پر ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔