چیئرمین ذکا اشرف کی زیر صدارت پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس ،رواں مالی سال کے بجٹ کی منظوری دیدی گئی

134
Chairman PCB Management Committee
Chairman PCB Management Committee

لاہور۔27اگست (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کا دوسرا اجلاس چیئرمین ذکا اشرف کی زیر صدارت اتوار کے روز مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ ترجمان کے مطابق کمیٹی کے دو ارکان مصطفی رمدے اور ذوالفقار ملک اجلاس میں آن لائن شریک ہوئے۔ سندھ سے تعلق رکھنے والے ارکان نے اجلاس کراچی میں منعقد کرنے پر ذکا اشرف کے اقدام کو سراہا۔مینجمنٹ کمیٹی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے بجٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس کا تعلق کرکٹ آپریشنز، ڈیویلپمنٹ کرکٹ کے ڈھانچے اور حکمت عملی کے متعدد اقدامات سے ہے تاکہ ملک میں کرکٹ کی ترقی اور کامیابی کا عمل جاری رہے۔

کمیٹی کے ارکان نے متفقہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے مالی سال 2023-24 کا بجٹ منظور کرلیا۔چیئرمین ذکا اشرف نے ارکان کو آئی سی سی کے حالیہ اجلاس کے بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے آئی سی سی کے فنانشل ماڈل سے متعلق ارکان کو بتایا کہ کس طرح انہوں نے آئی سی سی کی میٹنگ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے مفادات کا دفاع کیا۔ مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان نے ذکا اشرف کی حکمت عملی کی تعریف کی اور اسے سراہا۔مینجمنٹ کمیٹی نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو افغانستان کے خلاف سیریز جیتنے اور ون ڈے انٹرنیشنل کی عالمی نمبر ایک ٹیم بننے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق منیجمنٹ کمیٹی کی دعوت پر اجلاس میں آن لائن شریک ہوئے۔مینجمنٹ کمیٹی نے انضمام الحق اور سلیکشن کمیٹی کو کامیابی پر مبارکباد دی اور ایشیا کپ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

مینجمنٹ کمیٹی نے ویل چیئر کرکٹ ایسوسی ایشن اور بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کی حالیہ عمدہ کارکردگی کی روشنی میں دونوں کے لیے ستر ستر لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی تاکہ دونوں ایسوسی ایشنز سے وابستہ کھلاڑیوں کو بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع مل سکیں۔ بلائنڈ ٹیم نے برمنگھم میں منعقدہ ورلڈ گیمز میں گول میڈل جیتا ہے۔مینجمنٹ کمیٹی نے شائقین کے لیے سہولتوں میں بہتری کے ضمن میں یہ فیصلہ کیا کہ مختلف سٹیڈیمز کے اسٹینڈز میں نصب کرسیوں کی مرمت کی جائے گی۔ اس سلسلے میں پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کرسیوں کی تنصیب بھی شامل ہے جس سے شائقین آرام دہ نشستوں پر بیٹھ کر کھیل سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔اجلاس میں اسٹیڈیمز میں سولر پینلز کی تنصیب کی تجویز بھی پیش کی گئی جسے غوروخوص کے بعد منظور کرلیا گیا۔