چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سے چینی سفیر کی ملاقات‎‎

161

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت و سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) کے چیئرمین محمد اظفر احسن سے چین کے سفیر نونگ رونگ نے جمعہ کو یہاں سرمایہ کاری بورڈ میں ملاقات کی ہے۔ چین کے سفیر نے محمد۔ اظفر احسن کو بطور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ تعیناتی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین بی او آئی سے چینی سفیر کی ملاقات کے موقع پر ہونے والے اجلاس میں سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ فارینہ مظہر اور بی او آئی کے سی پیک صنعتی تعاون کے پراجیکٹ ڈائریکٹر عاصم ایوب بھی شریک تھے۔

چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے ہاکستان میں چین کی سرمایہ کاری کے حوالہ سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اب وقت ہے کہ پاکستان کی عالمی منڈیوں تک رسائی کے فروغ پر توجہ دی جائے، جس کے تحت پہلے مرحلہ میں سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کیلئے رابطوں میں اضافہ کیا جائے گا اور دوسرےمرحلہ میں ان کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر راغب کیا جائے گا۔

فریقین نے ان اہداف کے حصول کیلئے بزنس ٹو بزنس ہروگرام منعقد کرنے اور پاکستانی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی مشترکہ سرمایہ کاری اور منصوبوں کیلئے مختلف فورمز، سہولت مراکز کے قیام اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہی پر اتفاق کیا گیا۔ اس حوالہ سے فریقین نے پاک چائینہ بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے قیام اور بعد ازاں سرمایہ کاری بورڈ اور چینی سفارتخانہ کے اشتراک سے اے پی سی ای اے کے قیام پر رضامندی کا اظہار کیا گیا جس میں پاکستان اور چین کے معروف کاروباری ادارے شامل ہوں گے۔

فورم کے قیام سے دونوں ملکوں کے کاروباری و صنعتی رابطوں کے فروغ اور استحکام میں مدد ملے گی جس سے باہمی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ مزید برآں اجلاس کے دوران دونوں جانب سے سرمایہ کاری بورڈ کے زیر انتظام دسمبر 2021/میں لاہور میں ہونے والی سی پیک انڈسٹریل کو آپریشن بزنس ٹو بزنس کانفرنس کی کامیابی کے عزم۔کا اعادہ بھی کیا۔

چین کے سفیر نے کانفرنس کی کامیابی کیلئے ہر طرح کے ممکنہ تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ کانفرنس دونوں ملکوں کے سرکاری اور نجی رابطوں کے فروغ میں پل کا کردار ادا کرے گی۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا ایک مطمئن سرمایہ کار چین میں پاکستان کا سفیر ہے۔

ملاقات کے دوران سرمایہ کاروں کے اعتماد کے فروغ کا اعادہ کیا گیا تاکہ پاکستان کو دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش بنایا جا سکے۔ فریقین نے کہا کہ سی پیک کے تحت صنعتی تعاون کے دوسرے مرحلہ میں پاک چین اشتراک کار میں مزید اضافہ ہو گا۔