لاہور۔16جنوری (اے پی پی):پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعاون مزید گہرا کرنے کی ضرورت ہے ، اس ضمن میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتیں ہراول دستے کا کردار ادا کر سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت محمد منتہی اشرف اور پاکستان میں چینی سفارتخانے کے منسٹرکونصلر یانگ گوانگ یوآن کے درمیان ہونے والی ایک اہم ملاقات کے دوران کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق پاک چین کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی غرض سے ہونے والی اس ملاقات میں گفتگو کا محور سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت مارکیٹ پر مبنی منصوبوں کو آگے بڑھانے اور خاص طور پر پنجاب میں چینی کمپنیوں کو درپیش چیلنجز کا حل نکالنا تھا۔ چیئرمین پی بی آئی ٹی منتہی اشرف نے چینی سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی سہولت اور سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے پنجاب کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں سہولت کاری ، سازگار ماحول کی فراہمی سمیت اہم موضوعات کو اجاگر کیا۔
ملاقات میں دوطرفہ وفود کے تواتر کے ساتھ تبادلے کی اہمیت ، خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کی شمولیت پر زور دیا گیا۔ترجمان کے مطابق اس اسٹریٹجک اقدام کا مقصد نچلی سطح پر معاشی تعاون کو فروغ دینا، تجارت کے نئے مواقع پیدا اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرنا ہے۔