چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف کی جرمنی کے کاروباری وفد سے ملاقات میں گفتگو

71

اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے اقتصادی نقشہ پر تیزی سے ابھر رہا ہے اور ہم نے ملک کو درپیش معاشی مسائل پر قابو پا لیا ہے جس سے ملک کے سیاسی اداروں کو استحکام ملا ہے‘ حکومت کے ان اقدامات کو بین الاقوامی برادری بھی تسلیم کرتی ہے۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سے جرمنی کے کاروباری وفد نے اسٹیٹ سیکریٹری امور خارجہ والٹر جے لنڈنر کی سربراہی میں ملاقات کی جبکہ اس موقع پر پاکستان میں جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر بھی موجود تھے۔ وفد کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف نے اس بات پر زور دیا کہ شفافیت پر موجودہ حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عوامی شکایات کی براہ راست وصولی کے لئے حال ہی میں ایک پورٹل کا بھی اجراءکیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی معیشت کے ڈھانچے میں نمایاں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں جبکہ اداروں کی ترقی اور کارکردگی میں اضافہ کے لئے اصلاحات کے جامع پروگرام پر بھی عمل پیرا ہیں۔