چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی سے چین کے سرمایہ کاروں اور تاجروں پر مشتمل وفد کی ملاقات

122

اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی سے چین کے سرمایہ کاروں اور تاجروں پر مشتمل ایک وفد نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سینٹ قائمہ کمیٹی برائے کامرس کی چیئر پرسن سینیٹر انوشہ رحمان ، سینیٹر بلال احمد خان بھی چیئرمین سینٹ کے ہمراہ تھے ۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینٹ نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی کی ایک مثالی تاریخ ہے، 1951 میں دوستی کا سفر شروع ہوا جب دونوں ملکوں نے سفارتی تعلقات قائم کئے ، 1949 میں پاکستان نے چین کو سب سے پہلے تسلیم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی جمہوریہ چین کو تسلیم کرنے والے پہلے ممالک میں سے ایک ہے اور پی آر سی کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والا پہلا اسلامی ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام چین پاکستان دوستی کو پہاڑ سے بلند، سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی قرار دیتے ہیں، دونوں ممالک اچھے دوست ہیں اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں اور قریبی تعاون کے لئے اچھے شراکت دار ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بین الاقوامی و علاقائی سطح پر دونوں ملکوں کے درمیان بہترین رابطہ کاری موجود ہے ، اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں سے دوستی کو مزید تقویت ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے، بطور سپیکر قومی اسمبلی اور وزیراعظم پاکستان چین کے دورے کئے اور یہ دورے یادگار ہیں ، چین کی قیادت کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مضبوط کرنے کے حوالے سے مفصل تبادلہ خیال ہوا ، ہر پاکستانی کو چین کے ساتھ دوستی پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعاون زرعی جدید کاری، صنعتی ترقی، کان کنی اور معدنی وسائل کی تلاش، سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیمی اور ثقافتی شراکت داری میں مزید پھیلے گا جس سے سماجی و اقتصادی ترقی میں تبدیلی آئے گی، عوامی سطح پر روابط کے ذریعے نہ صرف اقتصادی تعلقات بلکہ معاشی و ثقافتی تعاون کو بھی فروغ دینا چاہتے ہیں، سینٹ اور قومی اسمبلی میں پاکستان چائنہ فرینڈ شپ گروپس قائم کئے گئے ہیں جن کا مقصد عوامی سطح پر روابط کو مزید مستحکم بنانا ہے ، ہم پاکستان اور چین کے درمیان قریبی سیاسی اور بین الپارلیمانی تعلقات کے خواہاں ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی اشد ضرورت ہے ،مہارت کا اشتراک کریں اور اپنے لوگوں کو قریب لا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان مثالی تجارتی، اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید گہرا کرے گی، عوام کو مزید قریب لانے کے لئے پاکستان اور چین کے درمیان قریبی سیاسی اور بین الپارلیمانی تعلقات کے خواہاں ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ اور سہولت فراہم کرنے کے لئے پاکستان میں ایس آئی ایف سی کے نام سے ادارہ موجود ہے جو سرمایہ کاری کے حوالے سے تجارتی وفود اور سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرتا ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع واقع موجود ہیں ،لائیو سٹاک زراعت اور دیگر شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔ چین کے وفد نے دورہ پاکستان کو انتہائی کامیاب قرار دیا ۔وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اپنی ترجیحات کا اظہار کیا ۔ وفد نے بتایا کہ چین کی مختلف کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔ وفد کے دور ے کا مقصد بھی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا ہے۔