چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کی سابق سینٹر ہدایت اللہ کی گاڑی پر حملے کی مذمت

120

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سابق سینٹر ہدایت اللہ کی گاڑی پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے سابق سینیٹر ہدایت اللہ پر ہونے والے قاتلانہ حملے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس جانی نقصان پر جتنا بھی افسوس کیا جائے ،کم ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹر ہدایت اللہ شریف النفس اور محنتی انسان تھے۔ بطور سینیٹر انہوں نے عوام کی فلاح وبہبود اور ملک کی خوشحالی کے لئے بڑا کام کیا ہے ان کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹر ہدایت اللہ کا تعلق ایک سیاسی گھرانے سے تھا اور ان کی علاقے کی ترقی کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ بطور سینیٹر انہوں نے ہمیشہ اپنے علاقے کے عوام کے لئے آواز اٹھائی اور پسماندہ طبقات کے لئے جدوجہد بھی کی۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ میں اس دہشت گردانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اوراس دلخراش واقعہ میں ملوث افراد کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم غیر متزلزل ہے،دہشت گردوں کا تعلق کسی مذہب، کسی قومیت سے نہیں ہے ،وہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے اللہ تعالیٰ سے شہید ہدایت اللہ کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ میری تمام تر ہمدردیاں سوگوار خاندان اور ان کے علاقے کے عوام کے ساتھ ہیں۔اللہ تعالیٰ ان کے خاندان کو یہ صدمہ صبر اور حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے،پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ میں لازوال جانی و مالی قربانیاں دی ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان، سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے بھی اس واقع کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی خدمات کو خراج عقیدت بھی پیش کیا اور سوگوار خاندان کے لئے صبر و جمیل کی بھی دعا کی۔