اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی پورے ملک کے معاشی استحکام کو یقینی بنائے گی، سی پیک منصوبہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، گوادر پورٹ صوبہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کا مرکز بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے رکن ملک نعیم بازئی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پارلیمنٹ ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی، معاشی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی حکومتی ترجیحات کا اہم جزو ہے، ایوان بالا میں صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹرزکو بلوچستان کے عوام کی بھرپور انداز میں نمائندگی کا موقع دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی پورے ملک کے معاشی استحکام کو یقینی بنائے گی، سی پیک منصوبہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، گوادر پورٹ صوبہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کا مرکز بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل سے صوبے کی عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا، معاشی ترقی کا انحصارصنعتی ترقی پر ہے اس لئے انڈسٹریز کو مزید فروغ دینے کیلئے موثراقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان انتہائی اہم صوبہ ہے، حکومت اس کی ترقی اور صنعتی حلقوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔ رکن بلوچستان اسمبلی ملک نعیم بازئی نے بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے چیئر مین سینیٹ کی کوششوں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل صوبے کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے۔