
اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملک میں جمہوریت کیلئے قربانیاں دینے والے گمنام مشاہیر کی یاد میں پارلیمنٹ ہاﺅس کے لان میں تعمیر یادگار کا افتتاح کر دیا۔ جمعہ کو انہوں نے مشترکہ طور پر تختی کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی نے آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوری نظام کی مضبوطی کےلئے مل کرکام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ اپنے ہیروز اور ملک، اقدار اور جمہوریت کے نصب العین کےلئے قربانی دینے والوں کو فراموش کرکے کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں معاشرے کے ان حلقوں کو نظرانداز کیا گیا جو قانون کی حکمرانی، آئین اور پارلیمنٹ کے مقصد کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قومی اسمبلی کے سپیکر اور چیئرمین سینیٹ کا فرض ہے کہ وہ معاشرے کے ان حلقوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ وہ قومیں اور ملک ترقی نہیں کرتے جو خود کو اپنی تاریخ، جدوجہد، کوڑوں اور پھانسیوں سے جدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سول سوسائٹی، میڈیا اور سیاسی کارکنوں کی جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور پارلیمان کےلئے جدوجہد کو ریاست نے مسخ کیا، پارلیمان آئین کے تحت کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ ایوان ان شہیدوں اور لوگوں کی مرہون منت ہے جنہوں نے سڑکوں پر پولیس اور آمریت کا مقابلہ کیا۔