اسلام آباد ۔ 17 مارچ (اے پی پی) کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کے تحت پارلیمنٹ کی پبلک اکائونٹس کمیٹی سمیت سینیٹ اور قومی اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں اور خصوصی کمیٹیوں کے شیڈول اجلاس ملتوی کر دیئے گئے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے متفقہ طور پر تمام اجلاس ملتوی کرنے کی منظوری دی۔ پارلیمنٹ ہائوس کی حفظ ماتقدم کے طور پر فومیگیشن کی گئی۔ اس صورتحال کے پیش نظر سرکاری افسران، صحافیوں سمیت ارکان پارلیمنٹ کی عدم موجودگی کی بناء پارلیمنٹ ہائوس کی راہداریاں سنسانی کا منظر پیش کررہی ہیں۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس نے جہاں زندگی کے دیگر شعبوں کو متاثر کیا ہے وہاں دنیا بھر میں ہر قسم کی تفریحات اور پارلیمانی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں۔