چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور قائم مقام چیئرمین سینیٹ سینیٹر سیدال خان کا کراچی میں رہائشی عمارت منہدم ہونے کے المناک سانحہ پر اظہارافسوس

24
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور قائم مقام چیئرمین سینیٹ سینیٹر سیدال خان کا کراچی میں رہائشی عمارت منہدم ہونے کے المناک سانحہ پر اظہارافسوس

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور قائم مقام چیئرمین سینیٹ سینیٹر سیدال خان نے کراچی کے علاقے لیاری میں رہائشی عمارت کے منہدم ہونے کے المناک سانحے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے، اس دلخراش واقعہ میں متعدد افراد جاں بحق و زخمی ہو گئے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اندوہناک سانحے نے نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پوری قوم کو افسردہ کر دیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جوارِ رحمت میں جگہ دے، لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد از جلد صحتِ کاملہ عطا کرے۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے فوری طور پر امدادی کارروائیاں تیز کریں، زخمیوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرہ افراد کی مکمل بحالی کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے۔