اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے آئرلینڈ کی سفیر میری او نیل نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات، تجارت،پارلیمانی روابط،تعلیم،ثقافتی تبادلوں اور ماحولیات کے اقدامات کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق آئرلینڈ کی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان آئرلینڈ کے ساتھ پارلیمانی، معاشی اور سفارتی تعلقات مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے،پاکستان اور آئرلینڈ کے تعلقات مشترکہ جمہوری اقدار، عوامی روابط اور کثیرالجہتی تعاون پر مبنی ہیں، پاکستان اور آئرلینڈ عالمی امن، انسانی امداد اور پائیدار ترقی کے مشترکہ مقاصد رکھتے ہیں ،آئرلینڈ کی عالمی امن، انسانی امداد اور پائیدار ترقی میں خدمات قابل تحسین ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے ملاقات میں اپنے حالیہ دورہ آئر لینڈ کا ذکر کیااورکہا کہ دونوں ملکوں میں محبت اور احترام کا رشتہ ہے ۔ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان بجٹ اور مالیاتی پالیسیوں پر تکنیکی تعاون بڑھانے پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں ٹیکنالوجی، زراعت، قابل تجدید توانائی اور دواسازی کے شعبوں میں تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ ضروری ہے،پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تعلیمی تعاون، طلبہ کے تبادلوں اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مشترکہ تحقیق اور تعلیمی وظائف میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے، ایس آئی ایف سی کا قیام عمل میں لایا گیا جس سے سرمایہ کاری اور تجارتی روابط کو فروغ ملے گا،موسمیاتی تبدیلی، سبز توانائی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان اور آئرلینڈ میں ثقافتی تعلقات کے فروغ کے لیے خصوصی پروگرامز کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے آئرلینڈ کے پارلیمانی وفد کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ دوطرفہ پارلیمانی روابط سے دونوں ممالک کے مابین سفارت کاری کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔
دونوں ملکوں کی پارلیمانوں میں فرینڈ شپ گروپ کے قیام سے عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ ملے گا،پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان ادارہ جاتی ترقی میں باہمی مشاورت ناگزیر ہے،آئرلینڈ میں پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات میں پل کا کردار ادا کر رہی ہے،پاکستانی وفد کے آئرلینڈ کے دورے سے بجٹ کی شفافیت اور مالیاتی نگرانی کے حوالے سے اہم معلومات حاصل ہوئیں۔ آئرلینڈ کی سفیر نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے خیالات سے اتفاق کیا۔آئرلینڈ کی سفیر نے دونوں ممالک کے مابین تمام ممکنہ شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=567309