چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات، دوطرفہ پارلیمانی و سفارتی تعلقات اورعلاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال

58

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ پارلیمانی و سفارتی تعلقات، علاقائی و عالمی امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ، قریبی اور پائیدار تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو مشترکہ تاریخ، اقدار اور روایات پر مبنی ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین دوطرفہ تعاون مختلف شعبوں میں مسلسل فروغ پا رہا ہے اور پاکستان ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے برطانیہ میں مقیم 17 لاکھ سے زائد پاکستانی برادری کے اہم کردار کو اجاگر کیا جو سماجی، ثقافتی اور اقتصادی روابط کو مضبوط بنانے میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ان تعلقات کو ایک "بہتر سٹریٹجک شراکت داری” کی سطح تک لے جانے کا خواہاں ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے خطے میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن کے فروغ کے لیے برطانیہ کی مثبت کوششوں کو سراہا، خاص طور پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے برطانیہ کے کردار کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ میں ایک پرامن انسان ہوں اور اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ خوشحالی امن کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران فوجی و سیاسی قیادت کی جانب سے تحمل اور مذاکرات کی پالیسی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان امن کی اہمیت کو بخوبی سمجھتا ہے۔

انہوں نے بلاول بھٹو کے اس مشن کو بھی سراہا جس کا مقصد دنیا کو امن کا پیغام دینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ دہشت گردی، انتہا پسندی اور منظم جرائم کے خلاف مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے سرحد پار دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے تحفظات کا اظہار کیا اور خطے میں سلامتی اور انسداد دہشت گردی کے اقدامات میں تعاون کے لیے برطانیہ سے حمایت کی درخواست کی تاکہ ان خطرات سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔سید یوسف رضا گیلانی نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دیرینہ تنازعات بالخصوص مسئلہ جموں و کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق پرامن طور پر حل کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے سرحد پار دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز)، بین الاقوامی قانون کے تحفظ اور علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے برطانیہ کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے جن میں سے ہزاروں اب بھی پاکستان میں مقیم ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ افغان مہاجرین کے مسئلے کے حل کے لیے موثر کردار ادا کرے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، لہٰذا اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے برطانیہ کے ساتھ گرین انرجی، پائیدار ترقی، قدرتی آفات کی تیاری اور ماحولیاتی انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کی تجویز دی۔تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ تجارتی حجم 4.1 ارب پائونڈ ہے جو دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کی مکمل صلاحیت کی عکاسی نہیں کرتا۔ انہوں نے ترقی کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا۔

چیئرمین سینیٹ نے تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا جن میں تعلیمی اداروں کے مابین شراکت داریاں، وظائف اور طلباء کے تبادلے شامل ہیں۔ انہوں نے برطانوی تعلیمی اداروں کے کردار کو سراہا اور طلباء، محققین اور پیشہ ور افراد کے لیے ویزا عمل کو سہل بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور سائبر سکیورٹی، دفاعی تعاون، انٹیلی جنس شیئرنگ، صلاحیت سازی اور مشترکہ تربیتی اقدامات کے شعبوں میں برطانیہ کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی ظاہر کی۔انہوں نے دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی روابط میں اضافے کو خوش آئند قرار دیا اور پارلیمانی و عوامی سطح پر تبادلے بڑھانے پر زور دیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ ایک فعال اور مستقبل بین شراکت داری کا خواہاں ہے جو تجارت، سلامتی، تعلیم اور ماحول جیسے شعبوں میں تعاون پر مبنی ہو اور باہمی خوشحالی اور ترقی کی راہ ہموار کرے۔ انہوں نے برطانیہ کی قیادت، ہائی کمشنر اور برطانوی پارلیمانی رہنمائوں کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور جین میریٹ کی پاکستان-برطانیہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے خدمات کو سراہا۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے برطانیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ایک پرامن، پائیدار اور خوشحال مستقبل کے لیے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی اور چیئرمین سینیٹ کی مہمان نوازی اور تعمیری گفتگو پر شکریہ ادا کیا۔