اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے سپین کے سینیٹر ویسنٹ ایزپیٹارٹ پیریز نے ملاقات کی جس میں تجارتی و ثقافتی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے اور عوامی روابط کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور سپین کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، توانائی ، موسمیاتی تبدیلیوں ، سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے ۔
چیئرمین سینیٹ نے سپین کی تاریخی ، ثقافتی ورثہ کی تعریف کی ۔ملاقات میں آئی ایس سی کی نومبر میں ہونے والی کانفرنس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس(آئی ایس سی) ایک اہم فورم ہے ۔چیئرمین سینیٹ نے سپین کے پارلیمانی وفد کو آئی ایس سی کی اسلام آباد میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔چیئرمین سینیٹ نے سپین کے رکن سینیٹ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔