اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ویٹیکن سٹی میں منعقد ہونے والی پوپ لیو XIV کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے روم روانہ ہو گئے ہیں۔ہفتہ کوسینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر چیئرمین سینیٹ اس بین الاقوامی سطح کی روحانی اور سفارتی تقریب میں شرکت کریں گےجو 18 مئی 2025 کو ویٹیکن میں منعقد ہو رہی ہے۔
اس تقریب میں دنیا بھر سے سربراہانِ مملکت، اعلیٰ حکومتی و مذہبی نمائندگان اور عالمی معزز شخصیات شرکت کریں گی۔روانگی سے قبل اپنے بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور عالمی سطح پر امن کے فروغ کے لیے پرعزم رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوپ لیو XIV کی تقریب میں شرکت پاکستان کی بین الاقوامی سفارت کاری اور بین المذاہب مکالمے کو مزید مضبوط کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان تمام مذاہب کے پیروکاروں کے ساتھ امن، رواداری اور مشترکہ اقدار کی بنیاد پر تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔یہ تاریخی موقع نہ صرف کیتھولک دنیا کے لیے اہمیت رکھتا ہے بلکہ عالمی سطح پر روحانی قیادت اور بین الاقوامی ہم آہنگی کے فروغ کی علامت بھی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598289