چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کاایران میں 8 پاکستانی مزدوروں کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

114
ایوان بالا میں 21 یونیورسٹیوں کے سمر انٹرن شپ پروگرام کے آغاز کی باضابطہ منظوری دیدی گئی

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ایران میں 8 پاکستانی مزدوروں کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کو وحشیانہ اور دل دہلا دینے والا سانحہ قرار دیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بے گناہ پاکستانی مزدوروں کا بہیمانہ قتل ایک غیر انسانی فعل ہے جس نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے انسانیت کی روح کانپ اٹھتی ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور مقتولین کے بلندی درجات اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے بھی ایک علیحدہ پیغام میں واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بے گناہ پاکستانیوں کا اس طرح وحشیانہ قتل ناقابل برداشت ہے اور اس نے ہر شہری کو شدید صدمے سے دوچار کیا ہے۔ انہوں نے مقتولین کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔