چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا جنوبی وزیرستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر افواجِ پاکستان کے جانبازوں کو خراجِ تحسین

7
Chairman Senate
Chairman Senate

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے جنوبی وزیرستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کو قومی سلامتی کے لیے اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے افواجِ پاکستان کے جانبازوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔منگل کو سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے اس کارروائی میں جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر سید معیز عباس اور لانس نائیک جبران اللہ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ عظیم قربانیاں مادرِ وطن کی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کی علامت ہیں، جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دشمن قوتیں پاکستان کو عدم استحکام کا شکار بنانے کی سازشوں میں مصروف ہیں لیکن ہماری افواج اور سیکیورٹی ادارے ان ناپاک عزائم کے سامنے فولاد کی دیوار بنے ہوئے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کے صبر، حوصلے اور قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے ان سپوتوں کی مقروض ہے جنہوں نے ملک و ملت کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیاں ہمارے قومی عزم و یکجہتی کا مظہر ہیں اور ملک دشمن عناصر کو ہر محاذ پر شکست دینے کے لیے پوری قوم افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل سے نوازے۔