چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے شمالی بحیرۂ عرب میں پاک بحریہ کے کامیاب ریسکیو آپریشن پر گہرے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا شمالی بحیرۂ عرب میں کامیاب ریسکیو آپریشن پر پاک بحریہ کو خراجِ تحسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے شمالی بحیرۂ عرب میں پاک بحریہ کے کامیاب ریسکیو آپریشن پر گہرے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاک بحریہ کی بروقت اور موثر کارروائی کے نتیجے میں 18 غیر ملکی افراد کی قیمتی جانیں محفوظ بنائی گئیں، جو پاکستان کے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت، فرض شناسی اور جذبہ خدمت قابلِ ستائش ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہنگامی حالات میں پاک بحریہ کا فوری اور منظم ردعمل اس کی اعلیٰ تربیت اور مضبوط پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب ریسکیو آپریشن نے نہ صرف پاکستان کے عالمی تشخص کو مزید مضبوط کیا بلکہ انسانیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کو بھی نمایاں کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ریسکیو کیے گئے افراد کو فوری طبی امداد کی فراہمی انسان دوستی اور انسانی اقدار کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر مشکل گھڑی میں انسانیت کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور ملک و قوم کا وقار بلند کرنے میں پیش پیش ہیں۔








