اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امتِ مسلمہ کی تاریخ کی ایک عظیم، باہمت اور غیرمعمولی رہنما تھیں، جنہوں نے اپنی بے مثال قیادت، اعلیٰ سیاسی بصیرت اور قربانیوں سے پاکستانی قوم کے دلوں میں ایک ابدی مقام حاصل کیا ، محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت، آئین کی بالادستی، عوامی حقوق، خواتین کو بااختیار بنانے، نوجوانوں کے روشن مستقبل، کسانوں اور مزدوروں کے فلاح و بہبود اور ملک کی معاشی و دفاعی ترقی کے لیے جو اقدامات کیے وہ پاکستان کی تاریخ میں سنہری الفاظ سے لکھے جائیں گے۔
شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے شہید جمہوریت، اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، محترمہ آصفہ بھٹو زرداری ، محترمہ بختاور بھٹو زرداری اور پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امتِ مسلمہ کی تاریخ کی ایک عظیم، باہمت اور غیرمعمولی رہنما تھیں، جنہوں نے اپنی بے مثال قیادت، اعلیٰ سیاسی بصیرت اور قربانیوں سے پاکستانی قوم کے دلوں میں ایک ابدی مقام حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت، آئین کی بالادستی، عوامی حقوق، خواتین کو بااختیار بنانے، نوجوانوں کے روشن مستقبل، کسانوں اور مزدوروں کے فلاح و بہبود، اور ملک کی معاشی و دفاعی ترقی کے لیے جو اقدامات کیے، وہ پاکستان کی تاریخ میں سنہری الفاظ سے لکھے جائیں گے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے ہر دور میں آمریت کے خلاف آواز بلند کی، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، ان کی زندگی جہدِ مسلسل، قربانی، استقامت اور عوامی خدمت کا استعارہ ہے۔
انہوں نے وطنِ عزیز کو مضبوط، خوشحال اور خودمختار بنانے کے لیے اپنی جان کا نذرانہ دے کر ایک زندہ و تابندہ مثال قائم کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے نہ صرف خواتین کو قومی دھارے میں لانے کے لیے بے مثال اقدامات کیے بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار، تعلیم اور ترقی کے مواقع پیدا کیے، ان کی حکومت میں کسانوں کو ان کی محنت کا بہتر معاوضہ ملا، مزدوروں کو تحفظ ملا اور معاشی پالیسیوں میں نچلے طبقے کو اولین ترجیح دی گئی۔
بینظیر بھٹو شہید نے ملکی سلامتی، سفارت کاری، خارجہ پالیسی، اور بین الاقوامی تعلقات کو نئی سمت دی اور پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند کیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج کا دن شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانیوں کو یاد رکھنے اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عہد کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور خاص طور پر نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ شہید بینظیر بھٹو کے نظریات کو اپنائے اور ملک کو جمہوری، فلاحی اور ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لیے ان کے نقشِ قدم پر چلے۔چیئرمین سینیٹ نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہیں اور ان کی جدوجہد ہمیشہ کے لیے ایک رہنما چراغ رہے گی، پاکستان ان کا احسان مند ہے اور ہمیشہ رہے گا۔