تاشقند ۔8اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے غیر وابستہ تحریک کے پارلیمانی نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کے لئے طے شدہ اصولوں پر بھر پور عملدرآمد کے عزم اورعالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے پارلیمانی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔منگل کو سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بنڈو نگ کانفرنس کی 70 ویں سالگرہ پر اپنے خطاب میں اس کی بنیادی اقدار، سیاسی خودمختاری، عدم مداخلت اور پرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا یہ محض اصول نہیں ہیں یہ پاکستان کی سفارتی اور پارلیمانی کاوشوں کے بنیادی ستون ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی عدم مساوات، بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگیوں، اور ماحولیاتی تغیّرات کا مقابلہ کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے فلسطین کے معاملے کو عالمی بے حسی کے مثال کے طور پر پیش کیا اور کہا کہ فلسطینی مظلوم عوام کا قتل عام اور نسل کشی کی جارہی ہے یہ انسانیت اور خاص طور پر اسلام کے خلاف جنگ ہے جسے مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے غیر وابستہ تحریک کے رکن ممالک سے منصفانہ عالمی اقتصادی پالیسیوں،تنازعات کے پرامن حل اور جامع ترقی کے لیے اپنا بنیادی کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے پارلیمان نہ صرف قانون سازی کریں، بلکہ محروم طبقات کی آواز بھی بلند کریں۔ انہوں نے کہا غیر وابستہ تحریک کےپارلیمانی نیٹ ورک کو عالمی سطح پر فعال اور مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے آذربائیجان کی ملی مجلس کی اسپیکر اور غیر وابستہ تحریک کے پارلیمانی نیٹ ورک کی چیئرپرسن صاحبہ غفاروا کی قیادت کو سراہا اور نیٹ ورک کے مشن کو آگے بڑھانے میں ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔
چیئرمین سینیٹ نے ان کی قیادت کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے مظلوم اقوام بشمول فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بنیادی حق حق خود ارادیت کے حصول کے لیے مکمل حمایت کا عزم دہرایا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579755