اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بنوں کینٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان اور امن دشمن قوتوں کی مذموم سازش قرار دیا ہے۔
منگل کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اس طرح کی کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، پوری قوم اپنی بہادر افواج اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے بنوں حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم شہداء کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے اس حملے کو ناکام بنایا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ ہم اپنی افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو ہر لمحہ مادر وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=568810