چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت ایوان بالا کا اجلاس، مختلف امور پر تفصیلات پیش کی گئیں

152
Syed Yusuf Raza Gilani
Syed Yusuf Raza Gilani

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):ایوان بالا اجلاس کے دوران مختلف امور پر تفصیلات پیش کی گئیں۔

جمعرات کو اجلاس کی صدارت چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں رجسٹرڈ مدارس کی تعداد 17,738 ہے جن میں 22 لاکھ 49 ہزار 520 طلباء زیر تعلیم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں 6,64,065 طلبا ،سندھ 1,88,182 طلبا ،بلوچستان میں 71,815 طلبا ،خیبر پختونخوا میں 12,83,024 طلبا ،آزاد کشمیر میں 26,787 طلبا ،اسلام آباد میں 11,301 طلبا اور گلگت بلتستان میں 4,346 طلبا رجسٹرڈ ہیں ۔تحریری جواب میں بتایا گیا کہ مدارس کی براہ راست مالی معاونت نہیں کی جاتی، البتہ ڈی جی آر ای کے تحت 598 مدارس کو 1,196 اساتذہ فراہم کئے گئے ہیں۔

اجلاس میں حکومت نے ٹیکس قوانین ترمیمی بل 2024 ایوان میں پیش کیا جسے مزید غور کے لئے خزانہ کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا۔اجلاس میں پیکا ایکٹ کے تحت مقدمات کے طرز عمل پر پریس گیلری سے صحافیوں نے واک آؤٹ کیا۔ اراکین سینیٹ نے معاملہ دیکھنے کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں پاڑہ چنار کے حالات پر پی ٹی آئی اتحادی علامہ راجہ ناصر عباس نے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا اور وفاق و صوبائی حکومت سے اقدامات کا مطالبہ کیا۔ وفاقی وزیر سالک حسین نے اسے صوبائی معاملہ قرار دیا اور تعاون کی یقین دہانی کرائی

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ کے مطابق گزشتہ تین برسوں میں 8 پاکستانی اتھلیٹس اور سپورٹ سٹاف بیرون ملک سے واپس نہیں آئے۔ ان پر تاحیات پابندی عائد کر دی گئی، اور انکوائریز جاری ہیں۔اجلاس کے اختتام پر سینیٹ کا اجلاس پریذائیڈنگ سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔