اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدہ حالات کے دوران شاندار عسکری حکمت عملی اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ، عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری صلاحیت اور دفاعی تیاریاں بھرپور طریقے سے اجاگر ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے بھرپور پیشہ وارانہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنیادوں پر استوار کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سید عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ان کی ذاتی خدمات کا اعتراف ہے ، امید ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں ملک کی دفاعی صلاحیتیں مزید ناقابل تسخیر ہوں گی ، اندرون ملک سکیورٹی، امن و امان کی صورتحال میں بھی نمایاں بہتری آئے گی ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمان اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599389