اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے فرانس کےقومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں فرانس کی حکومت، پارلیمنٹ ، عوام اور خصوصاً فرانس سینیٹ کے صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے پاک فرانس تعلقات کو مثالی قرار دیا ۔
انہوں نے کہا کہ فرانس کی جمہوریت ، انسانی حقوق اور آزادی کی جدوجہد کی اپنی تاریخی حیثیت ہے اور اسی نسبت سے یہ دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان تاریخی روابط ہیں ، ہماری خواہش ہے کہ ان دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی جائے ۔
انہوں نے عوامی سطح پر روابط کے لئے پارلیمانی سفارتکاری کو اہم قرار دیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور فرانس کثیر الجہتی شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں ۔ چیئرمین سینیٹ نے فرانس کی سیاسی اور پارلیمانی قیادت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔