ماسکو۔12مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے دورہ روس کے دوران ماسکو میں گمنام سپاہیوں کی یادگار پر حاضری دی اور گلدستہ رکھ کر دوسری جنگ عظیم کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ان سپاہیوں کی قربانیوں کو سراہا جنہوں نے روس کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے روایت کے مطابق چند لمحوں کی خاموشی اختیار کر کے شہداء کی یاد میں احترام کا اظہار بھی کیا۔چیئرمین سینیٹ کے اس عمل کو روسی عوام کی جانب سے نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا جو دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی گہرائی کا مظہر ہے۔