اسلام آباد ۔ 2 اپریل (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک یا معاشرے کی ترقی کا انحصار جہاں باقی عوامل پر ہوتا ہے وہاں سستے اور فوری انصاف کی فراہمی انتہائی اہم ہے، فوری دادرسی سے ہی سماجی و اقتصادی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی مسائل کا فوری حل چاہتا ہے جس کیلئے ریاستی اداروں اور حکومت کو مزید موثر اقدامات کرنے ہوں گے۔ فوری انصاف کی فراہمی کے اقدامات سے ملک کے پسماندہ طبقات اورعلاقوں کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لایا جاسکتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار وفاقی محتسب سید طاہر شہباز سے ملاقات میں کیا۔ وفاقی محتسب نے چیئرمین سینیٹ کو سالانہ رپورٹ 2018بھی پیش کی۔ چیئرمین سینیٹ نے وفاقی محتسب کی جانب سے مسائل کے فوری حل کیلئے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے جددت پسندانہ حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے عوام کے مسائل کے فوری حل کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔