اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال کی سربراہی میں ایجوکیشن پارلیمنٹیرین کاکس (ای پی سی) کے شراکت داروں کے وفد نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی- سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات میں وفد نے ای پی سی کے اغراض و مقاصد کے بارے میں چئیرمین سینیٹ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ فرزانہ یعقوب اورفروا ظفر بھی وفد میں شامل تھیں۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اس اہم اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے اراکین پارلیمان و صوبائی اسمبلی کو تعلیم کے مقصد کیلئے یک آواز ہو کر کام کرنے کا موقع ملےگا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک قومی مسئلہ ہے جس کے فروغ کیلئے ہمیں متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک قانون ساز ادارے کے طور پر سینیٹ آف پاکستان ایسے اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اس پر یقین رکھتا ہے کہ معیاری تعلیم سے ہی سماجی اور اقتصادی محاذوں پر درپیش مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔
تعلیم کے شعبے کو درپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے ای پی سی کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکول سے باہر بچوں کوبھی قومی ترقی کے دھارے میں لانے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ترقی کیلئے بہترتعلیم کا حصول ناگزیر ہےجس کیلئے سب کو متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
سینیٹ وفاق کی اکائیوں کی آواز ہونے کے ناطے اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ وفد نے ای پی سی کی حمایت پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ اعلیٰ آئینی ادارے کی حمایت سے تعلیم کے مقصد کیلئے سماجی اور سیاسی طور پر مربوط نقطہ نظر پیدا کرنے میں مدد ملے گی- یہ بات قابل ذکر ہے کہ ای پی سی کا آغاز 24 جنوری 2022 کو تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر کیا گیا تھا۔