اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے کہا ہے کہ 12 ربیع ا لا ول کا دن تاریخ اسلام کا ہی نہیں بلکہ پوری کائنات اور انسانیت کیلئے عظیم ترین دن کا درجہ رکھتا ہے،
یہ دن انسانیت کو نسلی، علاقائی، طبقاتی، لسانی اور جغرافیائی تعصبات کی دلدل سے نکال کر امن و محبت اور ا تحاد و یگانگت کا درس دیتا ہے۔ 12 ربیع الاول کی مناسبت سے اپنے الگ الگ پیغامات میں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ نےعید میلاد النبیﷺ کے پُرمسرت اور بابرکت موقع پر مسلمانانِ عالم اور خصوصاً تمام اہل وطن کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس دن کی فضلیت، سعادت و برکت سے ہر مسلمان کا دل منوراور روشن کر دے اور وطن عزیز کو اس یومِ مبارک کے فیض و برکات سے مالا مال کر دے۔
انہوں نے کہا کہ خاتم النبیین آنحضرت محمد ﷺ ۖ صرف مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ بنی نوع انسان اور تمام کائنات کے لئے رحمۃ للعالمین بن کر تشریف لائے، اس لحاظ سے 12 ربیع ا لا ول کا دن تاریخ ِاسلام کا ہی نہیں بلکہ پوری کائنات اور انسانیت کیلئے عظیم ترین دن کا درجہ رکھتا ہے،
یہ دن انسانیت کو نسلی، علاقائی، طبقاتی، لسانی اور جغرافیائی تعصبات کی دلدل سے نکال کر امن و محبت اور ا تحاد و یگانگت کا درس دیتا ہے۔ اخوت ، امن اور خیر کی فضاء قائم کرنے کے لئے اسوہ حسنہ رسول ۖکی پیروی ناگریز ہے کیونکہ ہماری بقا ء اور دینی و دیناوی کامیابی اسی اسوہ حسنہ کی مکمل پیروی پر منحصر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج اس با سعادت دن کو منانے کا سب سے احسن طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے کردار، گفتار اور عمل سے دنیا کو یہ ثابت کریں کہ ہم رحمتہ للعالمین کے اْمتی ہیں اور پیارے پیغمبر ۖ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنے اندر اتحاد واتفاق، باہمی محبت ورواداری، عفوودرگذر اور احساس ذمہ داری جیسے نایاب اوصاف پیدا کریں گے جو ہمارے ملک و قوم کی بقا ء اور پوری دنیا میں ترقی کیلئے راہیں ہموار کرنے میں معاون ثابت ہوں۔
میں اس بابرکت موقع پران تمام شہداء ، غازیوں اور مجاہدوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت کے لئے لازوال قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ۖ ﷺ کی زندگی بنی نوع انسان کیلئے مشعلِ راہ ہے اور دنیا وآخرت کی کامیابی کی ضمانت بھی ہے۔
اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے دنیا بھر میں امن ،محبت ، ایثار ، قربانی اتحاد ویگانگت کا ماحول پیدا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خدائے بزرگ و برتر کی بارگاہ میں دعا گو ہیں کہ وہ ہمیں اپنی زندگیاں تعلیمات نبوی ۖ کی روشنی میں گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔