اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پشاور میں سابق صدر سپریم کورٹ بار عبدالطیف آفریدی کے قتل کے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر سپریم کورٹ بار عبدالطیف آفریدی کو پشاور ہائی کورٹ کی حدود میں قتل کیا گیا ہے، پوری پاکستانی قوم رنجیدہ ہے،
انہوں نے پوری زندگی آئین اور قانون کی بالادستی کے لئے جدوجہد کی، انہوں نے وکلاءتحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، خیبرپختونخوا میں امن عامہ کی صورتحال روز بروز خراب ہو رہی ہے، صوبائی حکومت امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے اقدامات کرے، ان کی انسانی حقوق کے شعبہ میں ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک قرارداد منظور کی جائے، ان کے مقدمے کی تفتیش میں کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔ قائد حزب اختلاف سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ سابق صدر سپریم کورٹ بار کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں،
ان کے قتل کے اندوہناک واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہیں، ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، اس حوال سے ایوان میں تجاویز دینی چاہئیں۔ بعد ازاں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی۔