اسلام آباد ۔ 10 جولائی (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی پاکستان کی طرف سے انٹرنیشنل پارلیمنٹری یونین (آئی پی یو) کے صدر کا الیکشن لڑیں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے صادق سنجرانی کو اس اہم عہدے کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق آئی پی یو کی صدرات کیلئے انتخاب رواں برس دسمبر میں ہو گا، آئی پی یو دنیا بھر کے ارکان پارلیمان کا ادارہ ہے اور 179 ممالک آئی پی یوکے ممبرز ہیں، پاکستان کی طرف سے صادق سنجرانی اس انتخاب میں حصہ لینے والے پہلے امیدوار ہیں اور ایک پارلیمانی جمہوری ملک ہونے کے ناطے پاکستان کا اس انتخاب میں حصہ لینا اعزاز کی بات ہے۔ ارکان پارلیمان کا کہنا ہے کہ صادق سنجرانی کے آئی پی یو کے صدارتی انتخاب میں سے حصہ لینے سے پاکستان کی پارلیمان کے وقار میں مزید اضافہ ہوگا۔ آئی پی یو کا صدر دفتر جنیوا میں ہے اور اس کے صدر اور سیکرٹری جنرل کا عہدہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ آئی پی یو کے ارکان میں 25 فیصد خواتین اور 28 فیصد 45 سال سے کم عمر ہیں۔