چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا سعودی نائب وزیر انجینئر خالد صالح المظفر کی قیادت میں وفد سے تبادلہ خیال

173
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں سعودی عرب کے وفد سے تبادلہ خیال کیا جس کی قیادت سعودی نائب وزیر برائے صنعت و پیداوار انجینئر خالد صالح المظفر کر رہے تھے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کان کنی کے شعبے میں سعودی عرب کی کامیابیوں اور مہارت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دورے سے باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ ہر طرح کے مشکل حالات میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے تعلقات گہرے ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان بھائی چارہ منفرد ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قدرت نے صوبہ بلوچستان کو تانبا، سونا، کوئلہ، سلفر اور دیگر وسائل کے ذخائر سے نوازا ہے۔ ان شعبوں میں سرمایہ کاری نہ صرف سعودی سرمایہ کاروں کے لیے فائدہ مند ہو گی بلکہ یہ بلوچستان اور پاکستان کی معاشی حالت اور معیار زندگی کو بلند کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ صوبہ بلوچستان اپنے جیو سٹریٹجک محل وقوع اور گوادر پورٹ کی وجہ سے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کے اقدامات پر سعودی قیادت، بادشاہ اور ولی عہد/وزیر اعظم کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

سعودی وفد کے سربراہ نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور مضبوط مراسم ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے ایک اہم معدنی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے پر پاکستانی قیادت کو مبارکباد دی۔ سعودی وزیر نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کو بھی بڑی کامیابی قرار دیا جس سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے میں مدد ملے گی۔ سعودی نائب وزیر نے ریکو ڈک سیٹلمنٹ پر پاکستانی حکومت کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور سعودی عرب دونوں صوبہ بلوچستان کے معدنی شعبے کی جانب سے پیش کردہ سرمایہ کاری کے موقعوں سے فائدہ اٹھائیں گے۔

چیئرمین سینیٹ نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان، ولی عہد اور دیگر سعودی قیادت کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے نتیجہ خیز شراکت داری اور خوشحال مستقبل کے لیے دونوں ممالک کے مل کر کام کرنے کے عزم کو سراہا ۔ پاکستانی وفد میں سینیٹرز محمد عبدالقادر، پرنس احمد عمر احمد زئی، منظور احمد کاکڑ اور نصیب اللہ بازئی بھی شامل تھے۔ ملاقات میں پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔