چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا گوادر میں توانائی، گوادر پورٹ اتھارٹی کے کمرشل کمپلیکس اور سکول کے توسیعی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 4 نومبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین پورے خطے میں امن، جمہوریت، استحکام اور ترقی کیلئے زبردست مشترکہ اقدامات اٹھا رہے ہیں، یہ منصوبے اور تعاون دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اعتماد اور دوستی کے آئینہ دار ہیں اور یہی دوستی اور اعتماد دونوں ملکوں کی عوام میں بھی پایا جاتا ہے۔ پیر کو گوادر میں چین …

اسلام آباد ۔ 4 نومبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین پورے خطے میں امن، جمہوریت، استحکام اور ترقی کیلئے زبردست مشترکہ اقدامات اٹھا رہے ہیں، یہ منصوبے اور تعاون دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اعتماد اور دوستی کے آئینہ دار ہیں اور یہی دوستی اور اعتماد دونوں ملکوں کی عوام میں بھی پایا جاتا ہے۔ پیر کو گوادر میں چین کے تعاون سے شروع کئے جانے والے توانائی، گوادر پورٹ اتھارٹی کے کمرشل کمپلیکس اور گورنمنٹ فقیر کالونی مڈل سکول کے توسیعی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جن منصوبوں کیلئے آج ہم یہاں اکٹھے ہوئے ہیں یہ بلوچستان میں بالعموم اور گوادر میں باالخصوص شروع کئے گئے منصوبوں میں سے چند ہیں اور مجھے یقین ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعاون سے ایک زبردست تبدیلی آئے گی جو بلوچستان کے لوگوں کے لئے نہایت نیک شگون ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے ان منصوبوں کی نقاب کشائی کرتے ہوئے مجھے فخر محسوس ہورہا ہے کیونکہ فقیر کالونی گوادر کے مضافات میں ایک چھوٹا سا دیہاتی علاقہ ہے بدقسمتی سے یہ علاقہ غربت کا شکار ہے۔ فقیر کالونی کا پرائمر ی سکول چین کی مدد سے بنایا گیا اس طرح مقامی بچوں کے لیے معیاری تعلیم کی فراہمی کی بنیاد رکھی گئی۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، اس طرح گوادر میں 300میگا واٹ کا بجلی گھر چین اور پاکستان کی جانب سے ایک کامیاب سنگِ میل ہے۔ یہ بجلی گھر گوادر کی ترقی کے لئے توانائی کے بے حدمطلوب وسائل فراہم کرے گا۔ یہ صنعتی ترقی کی بھی حوصلہ افزائی کرے گا اور مقامی آبادی کے معیار زندگی میں بہتری بھی لائے گااور اسی طرح گوادر پورٹ اتھارٹی کمرشل کمپلیکس علاقے کی تمام تجارتی سرگرمیوں کیلئے کاروباری مرکز میں تبدیل ہوجائے گا۔ تجارتی سرگرمیوں کو آسان کرنے کیلئے بینکوں، دفاتر، حتیٰ کہ گیسٹ ہاو¿سز جیسی دیگر سہولیات بھی لائے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ نہ صرف پاکستان کہ سرمایہ کارروں اور کاروباری افراد کے لیے بلکہ علاقے کے آس پاس والوں کیلئے بھی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کی تلاش کیلئے ایک عظیم ذریعہ فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان اور چین کو طویل المدتی اور دیرپا معاشی ترقی کا موقع فراہم کریں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گوادر ، دراصل سی پیک میں امتیازی حیثیت رکھتا ہے یعنی صدر زی کے ویژن پر عملدرآمد کرتے ہوئے اہم ترین پراجیکٹ بیلٹ اینڈ روڈ کا حصہ ہے ۔ میں اس خوبصورت اور شاندار صوبے سے تعلق رکھنے والے ایک فرد کی حیثیت سے جب گوادر کو مستقبل میں ایک اہم بندرگاہ میں بدلتے ہوئے دیکھتا ہوں تو مجھے نہ صرف خوشی ہوتی ہے بلکہ ایک فخر کا احساس بھی ہوتا ہے اوریہ امر قابل ستائش ہے کہ سی پیک کے تحت شروع کیے گئے یہ منصوبے آنے والے کئی سالوں تک گوادر میں سرمایہ کاری اور ترقی کا باعث ہوں گے۔ وہ وقت دور نہیں ہے جب اس پورے خطے میں گوادر ایک جدید بندر گا ہ کے نام سے پہچانا جائے گا۔