چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ سیکرٹریٹ ملازمین کے بہبود فنڈ کے سلسلے میں قائم کمیٹی کا اجلاس

138

اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ملازمین کی فلاح و بہود ہماری اولین ترجیح ہے اور سینیٹ سیکرٹریٹ ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے ہر طرح سے کوشاں ہیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ سیکرٹریٹ کے ملازمین کے بہبود فنڈ کے سلسلے میں قائم کی گئی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بہتر فلاح و بہبود کارکردگی میں اضافے کا باعث بنتی ہے اور ملازمین بغیر کسی ذہنی دباؤ کے ادارے کی بہتر کارکردگی کیلئے کوشاں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ سیکرٹریٹ کے کام کا طریقہ کار دیگر اداروں سے یکسر مختلف ہے اور ان کی فلاح وبہبود کیلئے بھی اسی طرح اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر ملازمین کی جانب سے مالی اعانت کیلئے دی گئی درخواستوں پر تفصیلی غور کیا گیا اور ان کی منظوری دی گئی۔

قبل ازیں سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان نے ملازمین کی فلاح وبہبود پر اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں سینیٹرز رانا مقبول احمد، ثناء جمالی کے علاوہ سینیٹ سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔