چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی چین کی نیشنل پیپلزکانگرس کی قائمہ کمیٹی کے وائس چیئرمین ژانگ چنژان کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو

95
APP91-09 ISLAMABAD: November 09 - Chairman Senate, Muhammad Sadiq Sanjrani exchanging views with a delegation led by Mr. Zhung Chunxian, Vice Chairman of the Standing Committee of the National People’s Congress of China at Parliament House. APP

اسلام آباد ۔ 9 نومبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین خطہ کی ترقی و خوشحالی کےلئے ایک جیسا نقطہ نظر رکھتے ہیں اور دونوں ملک ایشیاءکی تقدیر کو بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو چین کی نیشنل پیپلزکانگرس کی قائمہ کمیٹی کے وائس چیئرمین ژانگ چنژان کی سربراہی میں پاکستان کا دورہ کرنے والے وفد سے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں اور دونوں ملک ترقی کے مشترکہ وژن میں شراکت دار ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے وفد کے سربراہ کو چین میں ہونے والی پہلی بین الاقوامی ایمپورٹ ایکسپو پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ایکسپو پاکستان کےلئے انتہائی اہم تھی کیونکہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان بھی اس میں شریک ہوئے اوراعلیٰ سطح پر اہم امور پر تبادلہ خیال کا موقع ملا۔ انہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ کی سماجی ترقی کی حکمت عملی کو سراہا جس کے تحت لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکال کر بہتر معیار زندگی فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت کی حکمت عملی بھی بہتر طرز حکمرانی، غربت کے خاتمہ اور کرپشن کے تدارک کے گرد گھومتی ہے جو کہ چین کی قومی ترقی کے ایجنڈے کے ساتھ مماثلت رکھتی ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے گوادر میں حال ہی میں منعقد ہونے والی ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سیاسی امور کی کمیٹی کے اجلاس کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ 23 ممالک کے 100 مندوبین اجلاس میں شریک ہوئے جو کہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ایشیائی ممالک خطے کی ترقی اور معاشی خوشحالی میں گوادر کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں ۔صادق سنجرانی نے کہا کہ گوادر خطے کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔