چاغی۔9جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے چھوٹے بھائی سالار خان سنجرانی کا نمازجنازہ چاغی کے صدرمقام دالبندین میں ادا کردیا گیا۔ نمازجنازہ میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی،
ان کے والد خان آصف خان سنجرانی اور دونوں بھائیوں سمیت گورنر سندھ عمران اسماعیل، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، سینیٹرز محمد عبدالقادر، دنیش کمار، احمد خان خلجی، نصیب اللہ بازئی، مقامی ایم پی اے میر محمدعارف محمدحسنی، کمشنر رخشان ڈویژن سیف اللہ کھیتران، ڈپٹی کمشنر چاغی منصور بلوچ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر انور بادینی سمیت مقامی شہریوں اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے چھوٹے بھائی سالار خان سنجرانی کی نمازجنازہ فیصل کالونی قبرستان میں ادا کرنے کے بعد ان کی تدفین وہیں پر کی گئی۔ اس موقع پر پولیس، لیویز فورس اور فرنٹیئر کور کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
قبل ازیں نمازجنازہ میں شرکت کے لیے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، گورنر سندھ عمران اسماعیل سمیت وفاقی وزراء اور سینیٹرز دالبندین پہنچے جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔