چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سےچیئرمین این ایچ اے کی ملاقات

113
Sadiq Sanjrani
Sadiq Sanjrani

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی جس میں ضلع چاغی میں دالبندین تا زیارت بلانوش سڑک کے منصوبے پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین این ایچ اے نے بتایا کہ 77 کلو میٹر سڑک پر کام کا آغاز اگست میں شروع ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ دالبندین زیارت بلانوش سڑک کے منصوبے کے لیے ٹینڈرنگ کا عمل آئندہ چند روز میں مکمل ہوگا،دالبندین زیارت بلانوش سڑک کے منصوبے کا سنگ بنیاد چیئرمین سینیٹ رکھیں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے ضلع چاغی میں سڑکوں کو بہتر بنانے کے لیے این ایچ اے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر سے علاقے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو فروغ ملے گا اورچاغی کے رہائشیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں این ایچ اے کی جانب سے سڑک کا یہ منصوبہ علاقے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالے گا ، سڑک کی تعمیر کے ساتھ عوام کو بہتر رسائی اور نقل و حمل کی سہولت میسر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نقل و حمل کو بہتر بنانے کے لیے دالبندین تا زیارت بالانوش سڑک کی تعمیر اہم اقدام ہے۔