چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے آذربائیجان کی سپیکر غفاروا کی ملاقات ، چیئرمین سینیٹ کا دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی و ادارہ جاتی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور

47

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے آذربائیجان کی سپیکر غفاروا نے ہفتہ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے وفد کو خوش آمدید کہا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آذربائیجان کے وفد کادورہ پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے۔ پاکستان آذبائیجان تعلقات مشترکہ تاریخی، ثقافتی اور مذہبی مماثلتوں پر مبنی ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے وفد کا اقتصادی تعاون تنظیم کی پارلیمانی اسمبلی کی جنرل کانفرنس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذبائیجان تعلقات باہمی اعتماد اور بھروسے پر ہیں اورپارلیمانی و ادارہ جاتی تعاون کو مزید بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ وفود کے تبادلوں میں تیزی، تجارتی روابط اور عوامی سطح پر رابطہ کاری دونوں ملکوں کو مزید قریب لائے گی۔ اعلیٰ سطح پر پارلیمانی روابط اور وفود کے تبادلوں کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی دوستی گروپ کو مزید فعال بنانے کی اشد ضرورت ہے۔کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون، تجارت، توانائی اور دیگر سطح پر روابط کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو اہمیت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مثالی تعاون باہمی اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔

عالمی مسائل اور اہم امور پر دونوں نے ایک دوسرے کے نقطہ نظر کی حمایت کی ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان نگورنو کاراباخ کے مسئلے پر آذربائیجان کے موقف کی بھر پور حمایت کرتا ہے۔پاکستان آذربائیجان کو اس وقت کورونا وبا ئ کا سامنا ہے۔مشترکہ حکمت عملی کے تحت ہی وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے ایوان بالا کے کردار اور کام کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کیا۔ آذربائیجان کے تعاون اور معاونت پر شکر گزار ہیں۔ مستقبل میں بھی یہ مثالی تعاون جاری رہے گا۔ ملاقات میں سینیٹ میں قائد ایوان سینٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم، سینیٹر فدا محمد، دلاور خان، نزہت صادق، رخسانہ زبیری، ایم این اے شاندانہ گلزار خان، سیکریٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔