چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے اخوت فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کی ملاقات

133
Chairman Senate
Chairman Senate

اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ غربت اور بے روزگاری ایک بڑا چیلنج ہے، غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے لوگوں کی زندگی میں تبدیلی لانے کے لئے تمام فلاحی تنظیموں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق انہوں نے یہ بات اخوت فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر محمد امجد ثاقب سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔بانی اخوت فاؤنڈیشن نے تنظیم کے فلاحی منصوبوں اور اقدامات کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ کو تفصیلی آگاہ کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں سماجی اور دیگر اقتصادی مسائل کے حل کے لئے سب کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں جو مختلف فلاحی تنظیمیں کام کر رہی ہیں وہ ایک مثالی عمل ہے جس سے دوسرے لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور اُن میں دکھی انسانیت کی بھلائی کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جو لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں ان کی زندگی میں تبدیلی لانے کے لئے تمام فلاحی تنظیموں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں غربت کے خاتمہ کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو صوبہ بلوچستان میں نیٹ ورک کو وسیع کرنے اور صوبے کے دور دراز علاقوں میں تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے بانی اخوت فائونڈیشن کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین بھی دلایا۔انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ اخوت فائونڈیشن صوبہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں اس حوالہ سے سہولیات فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ غربت اور بے روزگاری ایک بڑا چیلنج ہے،اخوت فائونڈیشن اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی اور معاشرے کا مفید فرد بنانے کیلئے انہیں ہنرمند بنائے اور ایسےمنصوبے شروع کئے جائیں جس کی بدولت نوجوان نسل کو ہنر مند بنایا جاسکے،ان اقدامات سے نوجوان نسل کو ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے مرکزی دھارے میں لایا جا سکےگا۔