چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے اسلامک ریلیف کے چیف ایگزیکٹو آفسیر راجہ وسیم احمد کی ملاقات

89
Muhammad Sadiq Sanjrani

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے اسلامک ریلیف کے چیف ایگزیکٹو آفسیر راجہ وسیم احمد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں جمعرات کو ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت مستحق افراد کی امداد کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں پر گفتگو ہوئی۔

سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اسلامک ریلیف کی پاکستان میں انسانی ہمدردی کی کوششوں کے غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلامک ریلیف نے ملک بھر خاص طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی بھر پور مدد کی ہے،پاکستان کے سب سے زیادہ پسماندہ علاقوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے،صوبہ بلوچستان جیسے پسماندہ علاقوں میں بہت زیادہ کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ باہمی تعاون پر مبنی اقدامات اور ملک بھر کے پسماندہ علاقوں کو درپیش منفرد چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ ملاقات میں ضرورت مندوں کی تکالیف کو کم کرنے،سیلاب متاثرہ اور پسماندہ علاقوں کے لوگوں کے مسائل کے پائیدار حل کے لئے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔چیف ایگزیکٹو آفسیر اسلامک ریلیف نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی بحالی اولین ترجیح ہے،مستحق افراد کی فلاح کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔