چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے اٹلی کے سفیر اینڈریاس فیراریز کی ملاقات

186

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی): چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے دنیا کے ممالک کو ماحول دوست بجلی پیدا کرنے کی طرف توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا انہوں نے جمعہ کوپاکستان میں اٹلی کے سفیر اینڈریاس فیراریز سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت مجموعی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال اور توانائی کے موضوع پر تفصیلی بحث ہوئی۔چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں،پاکستان اٹلی کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے،پاکستان کو توانائی کے بحران کا سامنا ہے جس پر قابو پانے کیلئے دنیا کےماہرین کی معاونت ناگزیر ہے

بجلی کے روایتی ذرائع سے ہٹ کر متبادل زرائع سے بجلی پیدا کرنے کے مواقع تلاش کرنے چاہئے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں شمسی توانائی اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے وسیع مواقع ہیں،اٹلی میں توانائی کے ماہرین پاکستان میں متبادل بجلی پیدا کرنے میں معاونت کر سکتے ہیں،موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے دنیا کے ممالک کو ماحول دوست بجلی پیدا کرنے کی طرف توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے

اطالوی کمپنیوں کو پاکستان میں موجود سرمایہ کاری اور کاروباری مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں معدنیات کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں جس سے اٹلی کے سرمایہ کار بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں،اٹلی سے اقتصادی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔

اطالوی سفیر نے علاقائی امن اور استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے ساتھ سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزیدبڑھانے کے لئے روابط کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔