چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے بلوچستان چیمبر کے سینئرنائب صدر اختر کاکڑ اور نائب صدر محمد ایوب کی ملاقات

51

اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے بلوچستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئرنائب صدر اختر کاکڑ اور نائب صدر محمد ایوب نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے جامع اور قابل عمل حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے تا کہ بلوچستان کے تاجروں، سرمایہ کاروں کی شکایات کا ازالہ کیا جا سکے اور انھیں ملک کی مجموعی ترقی اور خاص طور پر صوبہ بلوچستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایوان بالاء اور اسکی مختلف کمیٹیوں نے ہمیشہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے آواز اٹھائی ہے اور آئندہ بھی موثر انداز میں آواز اٹھاتے رہیں گے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کامرس اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی صنعت و پیداوار نے بلوچستان کے تاجروں اور کاروباری طبقے کی ضروریات کا خیال رکھتے ہوئے مختلف اجلاسوں میں متعلقہ حکام سے تفصیلی مشاورت کر کے مسائل کے حل کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کی ہے۔

اختر کاکڑ اور محمد ایوب نے چیئرمین سینیٹ کو سرمایہ کاری، تجارت اور معیشت کے حوالے سے درپیش مسائل بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پلیٹ فارم سے اربوں روپے قومی خزانے میں جاتے ہیں تاہم تاجر طبقے کو مقامی طور پر ہونے والی پیداوار کی برآمد اور بعض اشیاء کی درآمد میں مشکلات کا سامنا ہے جن کو اعلیٰ سطح پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ملاقات کے دوران سینیٹر فیصل سلیم رحمن بھی موجود تھے۔