چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کی تنظیموں کے اعلیٰ عہدیدران اور نمائندوں کی ملاقات

103

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور پارلیمان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، تجارتی و اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کو موثر کردارادا کرنا ہوگا،گوادر ایک جدید پورٹ سٹی کی حیثیت سے اْبھر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہا ر چیئرمین سینیٹ نے بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کی تنظیموں کے اعلیٰ عہدیدران اور نمائندوں سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملا قات کے دوران کیا۔ وفد میں سعودی عرب،روس، جاپان، جنوبی افریقہ اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عہدیدران اور نمائندے شامل تھے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، غیر ملکی زرمبادلہ کی شکل میں ایک خطیر رقم قومی خزانے میں جمع ہوتی ہے جس پر بیرون ملک مقیم پاکستانی لائق تحسین ہیں، حکومت پاکستان اور پارلیمان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، تجارتی و اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کو موثر کردارادا کرنا ہوگا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کے مثبت تشخص کو اْجاگر کرنے اور سرمایہ کاری کیلئے راستے ہموار کرنے کیلئے منظم کوششیں کرنا ہوں گی۔ عالمی وعلاقائی صورتحال بدل گئی ہے،پاکستان سرمایہ کاری کیلئے ایک بہترین منزل ہے۔ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور مختلف ممالک کے ساتھ تجارتی حجم بڑھانے کیلئے بھی پاکستانی کمیونٹی کو بھر پور کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نجی شعبہ تجارتی روابط کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے اورقومی ترقی میں ہم سب نے مل کر کردارادا کرنا ہے یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مختلف ممالک کے ساتھ براہ راست پروازوں کو سلسلہ انتہائی اہم ثابت ہوگا۔ بینکنگ چینلز اور دیگر دوسرے اقدامات کے ذریعے سرمایہ کار بھر پور انداز میں سرمایہ کاری کیلئے آگے بڑھیں گے۔

چیئرمین سینیٹ نے گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گوادر ایک جدید پورٹ سٹی کی حیثیت سے اْبھر رہا ہے اورگوادر میں کثیر الجہتی سرمایہ کاری کیلئے وسیع مواقع فراہم ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی تنظیموں اور نمائندوں کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارے سفیر ہیں اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اْجاگر کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ ملاقات میں سینیٹرز گردیپ سنگھ اور فیصل سلیم رحمان بھی موجود تھے۔