28.8 C
Islamabad
اتوار, مئی 11, 2025
ہومقومی خبریںچیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے بین الپارلیمانی یونین کے صدر دوآرتے...

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے بین الپارلیمانی یونین کے صدر دوآرتے پاشیکوکی ملاقات

- Advertisement -

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے بین الپارلیمانی یونین ( آئی پی یو )کے صدر دوآرتے پاشیکونے اتوار کو یہاں ملاقات کی ،ملاقات میں بین الپارلیمانی یونین کو مزید متحرک بنانے اور ادارہ جاتی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سینیٹر برائے مہمان داری سینیٹر فیصل سلیم رحمان ، سینیٹر دلاور خان ، سیکرٹری سینیٹ قاسم صمد خان اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صدر آئی پی یو اپنا اثرورسوخ  استعمال کرتے ہوئے پاکستان کیلئے تمام رکن ممالک سے بھرپور امداد کی  اپیل کریں،فوری امداد کے بعد متاثرین کی بحالی اصل مرحلہ ہوگا،متاثرین کی بحالی کیلئے خطير فنڈز کی ضرورت ہوگی،صدر آئی پی یو رکن ممالک، ڈونرز اور دیگر اداروں سے اس سلسلے میں رابطہ کریں تاکہ ریلیف اور بحالی کے کاموں کو تیز کیا جا سکے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان آئی پی یو کے مشن کے مطابق امن، جمہوریت، انسانی حقوق، صنفی مساوات اور پائیدار ترقی کے فروغ کیلئے پر عزم ہے،پاکستان کو آئی پی یو سے بڑی توقعات وابستہ ہیں،مسئلہ کشمیر اور فلسطین میں آئی پی یو کو اپنا کردارا ادا کرنا ہوگا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر جن مسائل کا سامنا ہے ان میں ماحولیاتی تبدیلی خاصی اہمیت اختیار کرتی جا رہی ہے،ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات ہماری اقتصادی، ترقیاتی اور معاشرتی پہلوؤں پر مرتب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ عالمی نوعیت کا ہے اور اس پر قابو پانے کیلئے عالمی سطح پر کوششیں کرنا ہوں گی ،پاکستان میں حالیہ سیلابوں نے دنیا کو خبر دار کر دیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث معیشتوں کو شدیدخطرات لاحق ہیں، آئی پی یو کی سطح پر ماحولیات سے متعلق موثر انداز میں کوششوں کی ضرورت ہے ۔

چیئرمین سینیٹ نے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی بھی تجویز دی اور کہا کہ پاکستان مجوزہ ورکنگ گروپ کو ہر طرح کی معاونت فراہم کرنے کو تیار ہے ،پاکستان میں ورکنگ گروپ کا سیکرٹریٹ بھی قائم کرنے کو تیار ہیں ،صدر آئی پی یو نے تجویز کو سراہا اور زیر غور لانے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹیرینز عوام کو آگاہی دے سکتے ہیں ،پاکستان ایک فیصد سے بھی کم گرین ہاؤس گیسسز کا اخراج کرتا ہے لیکن اس پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سب سے زیادہ ہیں،حالیہ سیلاب کی انسانی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عوام، سول سوسائٹی اور ادارے سیلاب سے متاثر ہونیو الوں کی بھر پور مدد کر رہے ہیں،عالمی برادری کے بھی مشکور ہیں تاہم ریلیف کے کاموں میں تیزی لانے کی ضرورت ہے،پاکستان عالمی سطح پر امن کے فروغ اور ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔چیئر مین سینیٹ نے مہمان کو ایوان بالا کے آئینی اور قانونی کردار، انتخاب کے طریقہ کار اور اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی یو کے صدر کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے پاکستان کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا ،کوئی بھی قوم قدرتی آفات کا مقابلہ اکیلے نہیں کر سکتی، انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی ۔ اس موقع پر صدر آئی پی یو نے کہا کہ حکومت پاکستان ، عوام اور متاثرین کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں برابر کے شریک ہیں ،ہر سطح پر پاکستان کے لئے آواز اٹھائیں گے،آئی پی یو کے اگلے اجلاس میں اس مسئلےکو زیر غور لایا جائے گا ،پاکستان کو بھر پور تعاون کایقین دلاتا ہوں ۔واضح رہے کہ صدر آئی پی یو سیلاب کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کےلیے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=326767

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں