چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی کی ملاقات

94
Muhammad Sadiq Sanjrani

اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت فلسطین اور غزہ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر قابض اسرائیلی فورسز کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں،معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی فورسز کی بربریت انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی بدترین مثال ہے

،انسانی حقوق کی علم بردار تنظیمیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فلسطین کے مسئلے کو سنجیدہ لیتے ہوئے جلد سے جلد بہتری کے لئے اقدامات اٹھائیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری مسئلہ فلسطین کے جامع اور منصفانہ حل کیلئے کردار ادا کرے،تمام مسلم ممالک کی ذمہ داری ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے مل کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایوان بالا کی جانب سے دنیا بھر کے پارلیمنٹ کے سپیکرز کو فلسطینیوں کے ساتھ ہونے والی جارحیت اور بربریت کے بارے آگاہ کیا گیاہے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان عما ن کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،

دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات وقت گزرانے کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں، پاکستان اور عمان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی مماثلتوں میں جڑے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی و اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں،بین الاقوامی سطح پر پاکستان اورعمان میں مثالی تعاون ایک دوسرے پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر روابط، پارلیمانی شعبوں میں مراسم کو مزید فروغ دینا ہوگا،پارلیمانی اور تجارتی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کی معیشت کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ خطے میں امن سے ہی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا اورامن کا فروغ خطے میں اقتصادی تعاون کے لئے نئی راہیں ہموار کرے گا، خطے میں امن و استحکام قائم کرنے کیلئے مسلم ممالک کو بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے،سلطان قابوس نے ہمیشہ بلوچوں کا خیال رکھا اور بلوچستان کے لوگوں سے کو اْن سے دلی محبت تھی۔عمانی سفیر نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔