اسلام آباد ۔ 29 مارچ (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سیکرٹری سینیٹ سیکرٹریٹ کے عہدے کو سیکرٹری جنرل میں تبدیل کر دیا ہے اور موجودہ سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک کو سیکرٹری جنرل سینیٹ سیکرٹریٹ تعینات کر دیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے یہ تبدیلی سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک کی خدمات کے اعتراف اور بین الاقوامی پارلیمانی روایات کے پیش نظر کی ہے۔ امجد پرویز ملک کا سول سروس، پارلیمانی انتظام کار، میڈیا، اطلاعات، ترقیاتی سیکٹر اور فلاحی کاموں میں کیریئر اور خدمات تین دہائیوں پر مشتمل ہیں۔ ایوان بالاءمیں اس وقت سینئر ترین پوزیشن پر تعینات امجد پرویز ملک نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران نہ صرف پارلیمانی روایات کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کیا بلکہ انتظامی تبدیلیوں کے حوالے سے بھی موثر اصلاحات متعارف کرائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تعلیم و تحقیق، پارلیمانی سفارتکاری، کثیر الجہتی بین الاقوامی فورمز پر ملک کی موثر نمائندگی اور غیر سرکاری تنظیموں میں فلاحی و سماجی خدمات میں بھی پیش پیش رہے۔ امجد پرویز ملک نے پنجاب ےونیورسٹی سے اکنامکس اور برطانیہ کی لائسٹر ےونیورسٹی سے ابلاغ عامہ میں ماسٹر ز ڈگریز حاصل کی جبکہ ہالینڈ کی ماسٹر یخت یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی بھی کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وہ قانون میں گریجویٹ ڈگری اور قانونی مسودہ سازی میں تولانے یونیورسٹی سے بین الاقوامی ڈپلومہ بھی حاصل کر چکے ہیں۔ سیکرٹری سینیٹ امریکہ کی جارج واشنگٹن ےونیورسٹی سے بھی قانون سازی میں کورس کر چکے ہیں۔ ایگزیکٹو اےجوکیشن پروگرام کے تحت ہارورڈ یونیورسٹی امریکہ سے بھی سرٹیفیکٹ لے چکے ہیں۔ امجد پرویز ملک پارلےمانی شعبے میں خدمات سے پہلے 10سال تک سول سروس میں بھی رہے۔ امجد پرویز ملک نے 1995 میں پاکستان کی اعلیٰ ترین سول سروس کو چھوڑ کر سینیٹ سیکرٹریٹ میں پارلیمانی سروس اختیار کی اور قانون سازی اور پارلیمانی انتظام کار میں سرگرم ہو گئے۔ بہترین حکمت عملی کے ذریعے انہوں نے نہ صرف ایوان بالاءکے اندرونی اطلاعات کے نظام کو موثر بنایا بلکہ قومی ترقی اور سفارتی مقاصد کو فروغ دینے کےلئے موثر لائحہ عمل بھی وضع کیا۔ انہوں نے پارلیمانی اقدار اور روایات کے فروغ، پارلیمان کے کردار اور بین الپارلیمانی کاوشوں کو اُجاگر کرنے کےلئے نہ صرف مختلف اخبارات کےلئے آرٹیکل لکھے بلکہ فوکس پاکستان کے نام سے ایک کتاب بھی منظر عام پر لائے جس کی قومی سطح پر پذیرائی کی گئی جبکہ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سیاسی امور کی کمیٹی اور ایشیائی پارلیمان کے قیام کے حوالے سے خصوصی کمیٹی کے اجلاس کو گوادر میں منعقد کرانے میں اہم کردار ادا کیا جس سے نہ صرف سینیٹ کے بطور وفاق کے ایوان کی حیثیت سے اہمیت اُجاگر کرنے میں مدد ملی بلکہ دوسری طرف بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور خاص طور پر بلوچستان اور گوادر کو متعارف کرانے میں اہم ثابت ہوئی۔ امجد پرویز ملک نے بے شمار بین الاقوامی کانفرنسوں، سیمینارز اور ورکشاپس میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔